ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل ڈونگرپلی میں کتے کا معصوم بچے پر حملہ؛ بچہ شدید زخمی

بھٹکل ڈونگرپلی میں کتے کا معصوم بچے پر حملہ؛ بچہ شدید زخمی

Sun, 03 Jul 2022 18:36:50    S.O. News Service

بھٹکل 3 جولائی (ایس او نیوز) گھر کے باہر کمپاونڈ میں کھیلنے کے دوران اچانک ایک کتے نے بیس ماہ کے بچے پر حملہ کردیا اور اس کے ناک کو نوچ لیا جس کے نتیجے میں معصوم بچہ شدید زخمی ہوگیا ہے اور علاج کے لئے اسے اڈپی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ واردات بھٹکل میونسپل حدود کے ڈونگرپلی میں دوپہر قریب تین بجے پیش آئی۔

لڑکے کے والد ذاکر سدی باپا نے بتایا کہ اس کا بیس ماہ کا بچہ اسماعیل تیمور گھر کے باہر ہی کھیل رہا تھا جس کے دوران یہ واردات پیش آئی۔ کتے کے حملہ آور ہوتے ہی گھر کے لوگ باہر آئے اور بچے کو کتے سے بچاتے ہوئے سیدھے بھٹکل سرکاری اسپتال لے گئے۔ اسپتال میں ضروری انجکشن لگوائے گئے ہیں چونکہ کتے نے بچے کے ناک پر جھپٹا مارا ہے، اس لئے ناک پر ٹانکے لگوانے کے لئے  بچے  کو پہلے کنداپور پھر وہاں سے اڈپی اسپتال لے جایا گیا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈونگر پلی سمیت بھٹکل کے تقریباً تمام علاقوں میں کتوں کی بڑھتی آبادی سے لوگوں کا راستوں پر چلنا پھرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ڈونگر پلی کے ایک ذمہ دار یوسف بیلی نے بتایا کہ ڈونگر پلی اور اطراف کے علاقوں میں کتوں کے جھنڈ سے عوام سخت پریشان ہیں، اور اس تعلق سے مقامی کونسلر کو شکایت بھی کی جاچکی ہے۔ انہوں نے میونسپل حکام پر زور دیا کہ وہ کتوں کو پکڑکر لے جانے کی مہم چلائے اور عوام کو کتوں کے حملوں سے محفوظ رکھنے مناسب کاروائی کرے۔


Share: